بھارت
بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی مسجد نما بس اسٹینڈ کو منہدم کرنے کی دھمکی
بنگلورو14نومبر(کے ایم ایس) بھارتی ریاست کرناٹک میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے رکن پارلیمنٹ پرتاپ سمہا نے یہ کہہ کر ایک نیا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے کہ وہ میسور-اوٹی روڈ پر واقع مسجد نما بس اسٹینڈ کو منہدم کر دیں گے۔
پرتاپ سمہا نے کہا کہ میں نے اسے سوشل میڈیا پر دیکھا ہے۔ بس اسٹینڈ کے دو چھوٹے اور درمیان میں ایک بڑاگنبد ہے ، یہ صرف ایک مسجد ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے انجینئرز سے کہا ہے کہ تین چار دنوں میں اس ڈھانچے کو گرا دیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو میں بلڈوزر لے کر اسے خود گرا دوں گا۔
دریں اثناء کانگریس نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کو ان کے بیان پر تنقید کا نشانہ بنایاہے۔کرناٹک کانگریس کے سربراہ سلیم احمد نے کہاکہ یہ میسور کے رکن پارلیمنٹ کا احمقانہ بیان ہے۔ کیا وہ ان سرکاری دفاتر کو بھی گرا دیں گے جن کے اوپر گنبد ہیں؟