مقبوضہ کشمیر: میر واعظ عمر فاروق کی طرف سے کشمیری نوجوان کے دوران حراست قتل کی شدید مذمت
سرینگر21نومبر(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے ایک کشمیری نوجوان کے دوران حراست قتل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میں کشمیری نوجوانوں کو عسکریت پسند قراردیکر کالے قوانین کے تحت ان کی گرفتاری روز کا معمول بن گیا ہے ۔انہوں نے سجاد احمد تانترے کے حالیہ قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ یہ جنوبی کشمیر میں ایک ماہ میں دوران حراست قتل کا دوسرا واقعہ ہے ۔ میر واعظ نے کہاکہ اس سے قبل ایک اور کشمیری نوجوان عمران بشیر گنائی کو بھی بھارتی فوجیوں نے عسکریت پسند قراردیکر گرفتارکرنے کے بعد حراست کے دوران قتل کردیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نے ہزاروں کشمیری نوجوانوںکو جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کر کے جیلوں میں قید کر رکھا ہے ۔