بھارت
اترپریش: ٹکٹ چیکر نے فوجی اہلکار کو چلتی ریل سے باہر دھکیل دیا، اہلکار ہسپتال میں دم توڑ گیا
لکھنو24نومبر ( کے ایم ایس) بھارتی ریاست اترپردیش میں ٹکٹ چیکرنے ایک فوجی اہلکار سونو سنگھ کو چلتی ریل سے باہر پھینک دیا۔ فوجی اہلکار شدید زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میںدم توڑ گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سونو سنگھ کو 17 نومبر کو اتر پردیش کے شہر بریلی جنکشن ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 2 پر ڈبرو گڑھ-نئی دہلی راجدھانی ایکسپریس سے دھکیل دیا گیا تھا۔ سونو سنگھ جے پور میں راجپوت بٹالین میں تعینات تھا۔ وہ دہلی جا رہا تھا اور صبح تقریباً 9.15 بجے پانی کی بوتل لینے بریلی اسٹیشن پر ٹرین سے اترا تھا۔جیسے ہی ٹرین پانچ منٹ بعد چلنے لگی اس نے جب دوبارہ ریل میں چڑھنے کی کوشش کی اس دوران ٹکٹ چیکرسوپن بور نے اسے باہر دھکیل دیا۔ فوجی اہلکار کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد اہلخانہ کے حوالے کی گئی۔ ٹکٹ چیکر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔