تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں دیرپاامن قائم نہیں ہو سکتا، ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ
سرینگر29 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں وکشمیر ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ نے کہا ہے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پر امن اور پائیدار حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن واستحکام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔
ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اسے صرف اقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے ذریعے ہی حل کیاجاسکتاہے۔ پاکستان نے روز اول سے ہی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیا اور 1947 سے لیکر آج تک پاکستانی قیادت مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کر رہی ہے ۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی ترکی کے دورے کے دوران ایک انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ بیان میںامید ظاہر کی گئی ہے کہ پاکستانی قیادت مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنی سفارتی مہم کو مزید تیز کرے گی۔بیان کے مطابق بھارت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل میں رکاوٹیں ڈالیں ہیں جبکہ بھارتی قیادت نے عالمی برادری کے سامنے کشمیری عوام کوانکا حق خود ارادیت دینے کا وعد ہ کیاتھا ۔ڈیموکریٹک پولٹیکل پارٹی نے کہاکہ بھارت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑرہا ہے ۔بیان میں عالمی برادری اپیل کی گئی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔بیان میں جنرل عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی گئی ہے ۔