مقبوضہ جموں وکشمیر:بھارتی حکام نے پلوامہ میں ایک حریت پسندکا گھر مسمار کر دیا
سرینگر10دسمبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مودی حکومت کی ایماء پر ضلع پلوامہ میں ایک حریت پسند کے گھر کو مسمار کر دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کے علاقے راجپورہ کی نیوکالونی میںبھارتی حکام نے فوج اورپیراملٹری فورسز کی مدد سے حریت پسند عاشق نینگرو کے دو منزلہ مکان کو مسمار کر دیا۔بھارتی حکام مقبوضہ علاقے میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طاقت کے بل پر اورظالمانہ اورغیرانسانی ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو خاموش کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔قابض حکام نے دعویٰ کیا کہ عاشق نینگرو ایک مطلوب مجاہد کمانڈر ہیں جو حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اور بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔قابض حکام نے رواں سال اپریل میں عاشق نینگرو کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یواے پی اے کے تحت” مطلوب عسکریت پسند”قرار دیاتھا۔
https://twitter.com/i/status/1601575459623698433
دریں اثناء جموں و کشمیر کی سول سوسائٹی نے مکانات اور املاک کی مسماری کی مخالفت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اپنی ٹیمیں علاقے میںبھیجیں۔