بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خوف و دہشت کی لہر پھیلارکھی ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر 09اکتوبر ( کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے قابض بھارتی فورسز اور انکی خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے قتل ، بلا جواز گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی دیگرخلاف ورزیوں کے واقعات میں تیزی کے تناظر میں مقبوضہ علاقے کی صورتحال کو انتہائی نازک قرار دیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگرمیں جاری ایک میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کی طرف سے ضلع اسلام آباد میں پر ویز احمد گجر نامی شہری کے دن دیہاڑے قتل کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں خوف ودہشت کی لہر پھیلا رکھی ہے ۔انہوںنے کہا کہ یہ انتہائی ناقابل یقین ہے کہ دس لاکھ قابض افواج کی موجودگی میں جہاں پرندوں کو بھی پر پھیلانے سے خوف آتا ہو شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ ایک معمول بن گیا ہے جو قابض بھارتی فورسز پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ترجمان نے تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے کشمیریوں کے اچھے جذبات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے لوگ مقبوضہ وادی میں فرقہ واریت کو ہوا دینے اور یہاں کی مسلم اکثریت کو نسل کشی کا نشانہ بنانے کے مودی حکومت کے مذموم عزائم کا بخوبی ادارک رکھتے ہیں۔ترجمان نے تحریک حریت جموں کشمیر کے قائم مقام چیئرمین امیر حمزہ کی دوبارہ گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انکے عزم وہمت کو سراہا۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی نازک صورتحال کا موثر نوٹس لیں۔