سوپور قتل عام کے بارے میں لیگل فورم فار کشمیر کی رپورٹ جاری
اسلام آباد 06 جنوری (کے ایم ایس)
لیگل فورم فار کشمیر نے 06جنوری 1993کو غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سوپور قتل عام کے بارے میں ایک تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق لیگل فورم فار کشمیر نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ آج سوپور قتل عام کو 30برس مکمل ہونے کے موقع پر ایک تحقیقاتی رپورٹ جاری کی گئی ہے ۔ انسٹی ٹیوٹ آف کشمیر اسٹڈیز کی طرف سے مرتب کی گئی فیکٹ فائنڈنگ تحقیقات پر مبنی رپورٹ دنیا کیلئے چشم کشا ہے کہ بھارت اور اسکی قابض فوج کی مقبوضہ کشمیرمیں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی طویل تاریخ ہے۔فورم نے کہاکہ 6جنوری 1993کو بھارتی فوج کی94ویں بٹالین اور بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے کمانڈنگ آفیسر ایس تھنگپپن کی قیادت میں گولیاں مار کر 46افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کر دیاتھا۔ سوپور میں ہونے والے قتل عام کے سلسلے میں، مقامی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے بارے میں مزید حقائق بھی منظر عام پر لائے ہیں۔