امریکہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کریں، بیرسٹرسلطان
نیویارک30جنوری(کے ایم ایس)
آزاد جموں و کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ مظلوم کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جاری مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نیویارک کے علاقے بروکلین میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔مقبوضہ کشمیرکی سنگین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری کشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم کشمیر آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور پوری دنیا میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہارکے عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو سرحد پار سے ایک مضبوط پیغام دیاجائیگا کہ کشمیریوں کی جاری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ وہ جابرانہ بھارتی قبضے سے آزادی حاصل نہیں کر لیتے۔آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے کہا کہ وہ 5 فروری کو لندن میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح نیویارک اور دنیا کے دیگر اہم شہروں میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلیاں نکالی جائیں گی۔