غیر قانونی طورپر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے بھارتی شہریوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ
واشنگٹن 07فروری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طورپر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے بھارتی شہریوں کی تعداد میں گزشتہ سال 2022کے دوران غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔
امریکی’کسٹم اینڈ بورڈر پیٹرول’ کے اعداد و شمار میں انکشاف کیاگیا ہے کہ گزشتہ سال غیر قانونی طور پر یا سفری دستاویزات کے بغیر امریکہ پہنچنے والے بھارتی شہریوں کی تعداد میں گزشتہ برس غیر معمولی اضافہ دیکھاگیا ہے ۔اس عرصے کے دوران 63ہزار 927بھارتی شہریوں نے غیر قانونی طورپر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کی جو کہ 2021کے مقابلے میں دوگنی تعداد ہے ۔امریکہ کے ”مائیگریشن پالیسی انسٹیٹیوٹ ”کی دوہزار بائیس کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر دو ہزار اکیس سے ستمبر دو ہزار بائیس تک امریکی سرحدی حکام نے 18ہزار3سو بھارتی تارکین کوغیر قانونی طورپر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش پر ملک کی جنوبی سرحد پر روکاجس سے گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد کے مقابلے میں 2,600کا اضافہ ظاہرہوتا ہے ۔سان انتونیو، ٹیکساس میں ‘یونیورسٹی آف دی انکارنیٹ ورڈ سے منسلک تاریخ اور ایشیئن اسٹڈیز کی پروفیسر لوپیتا ناتھ نے کہا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں بھارتی باشندوں کے امریکہ میں غیر قانونی طورپر داخل ہونے کی کوشش سے امریکہ میں پہلے سے موجود بھارتی شہریوں کا امیج داغدار ہو گا۔ ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر یہ تعداد اتنی ہی تیزی سے بڑھتی رہی، تو امریکہ میں آباد بھارتی تارکین وطن کیلئے بھی بدنامی کا سبب ہو گی ۔نیویارک میں مقیم امیگریشن قوانین کے ماہر اور وکیل روحت بسواس نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ امریکی شہریت کے حصول کے قوانین جیسے جیسے سخت ہوتے جا رہے ہیں ویسے ویسے بھارتی باشندوں کے امریکہ میں غیر قانونی داخلے یا ان کی طرف سے ویزا قوانین کی خلاف ورزی کے امکانات بڑھتے جارہے ہیں ۔