سرینگرمیں آتشزدگی کے واقعے میں دو افرادجاں بحق، 80عارضی رہائشی ڈھانچے جل کر خاکستر
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے علاقے دربل بمنہ میں تین اور چار نومبر کی درمیانی شب بھیانک آتشزدگی کے ایک واقعے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ آگ کی لپیٹ میں آنے سے تقریبا 80عارضی رہائشی ڈھانچے جل کر خاکستر ہوگئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض حکام کاکہنا ہے کہ آگ رات تقریبا 12 بج کر 23 منٹ پر نمودار ہوئی، جس نے ترپال اور لکڑی سے تعمیر کیے گئے تقریبا 80 عارضی ڈھانچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس دوران ایک خالی پولٹری فارم اور ایک ٹپر گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔
آگ پر قابو پانے کے لیے فائر اسٹیشن جے وی سی اور راولپورہ سے فائر ٹینڈرز کے علاوہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹر بٹہ مالو سے اضافی عملہ اور گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ حکام نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دیے جانے سے قبل ہی آگ پورے علاقے میں پھیل چکی تھی۔
آگ پر قابو پانے کے بعد ملبے سے دو لاشیں برآمد ہوئیں۔
جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 27سالہ محمد نور عالم ولد عبدالوہاب اور 16 سالہ الامین ولد محمد رفیع کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کا تعلق نئی دہلی سے تھا جوعلاقے میں کباڑ جمع کرنے کا کام کرتے تھے۔ دونوں لاشیں مقامی پولیس کے حوالے کر دی گئیں۔ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔







