جموں وکشمیر روزگارچاہتاتھا لیکن اسے بی جے پی کا بلڈوزر ملا: راہول گاندھی
نئی دہلی12فروری(کے ایم ایس) بھارت میںکانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بے دخلی مہم پر بھارتیہ جنتا پارٹی کو شدید تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خطہ روزگار، بہتر کاروبار اور محبت چاہتا تھا لیکن اسے اس کے بجائے بی جے پی کابلڈوزرملا۔
کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی جیسی بڑی سیاسی جماعتوں نے اس مہم کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اسے فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ہندی میں ایک ٹویٹ میں راہول گاندھی نے کہاکہ جموں و کشمیر روزگار، بہتر کاروبار اور محبت چاہتا تھا، لیکن اسے کیا ملا؟ بی جے پی کا بلڈوزر! کانگریس کے سابق سربراہ نے کہا کہ جس زمین کو لوگوں نے کئی دہائیوں تک اپنی محنت سے سینچا تھا، وہ ان سے چھینی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ امن اور کشمیریت کا تحفظ متحد ہونے سے کیا جائے گا، لوگوں کو تقسیم کرنے سے نہیں۔ راہول گاندھی نے ایک میڈیا رپورٹ کو بھی ٹیگ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بے دخلی مہم نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔