بھارت: مولانا توقیر رضا کا وی ایچ پی، بجرنگ دل پر پابندی لگانے کا مطالبہ
بریلی25فروری(کے ایم ایس)بھارت میں مسلمانوں کی جماعت” اتحاد ملت” کے بانی مولانا توقیر رضا خان نے ہندوانتہاپسند تنظیموںوشوا ہندو پریشد(وی ایچ پی)اور بجرنگ دل پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق توقیر رضا نے بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر بریلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے بھیوانی میں ہندوتوا گروپوں کے ہاتھوں دو مسلمانوں کے قتل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب یا تو ملک قانون کے مطابق یا پھر لاٹھی کے ذریعے چلے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری لاٹھی بھی کمزور نہیں ہے۔ انہوں نے وشوا ہندو پریشداور بجرنگ دل پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ16فروری 2023کوہریانہ کے علاقے بھیوانی میں دومسلمان نوجوانوں کو ایک کار میں زندہ جلایا گیالیکن ہم خاموش رہے۔ ہمارے بچوں کو جھوٹا الزام لگا کر قتل کیا گیا۔ توقیر رضا نے کہا کہ جب میٹنگوں اور مہاپنچایتوں میں ملزموں کی حمایت کی جاتی ہے تو ہمیں لگتا ہے کہ یہ قتل اور ہجومی تشدد ایک معمول بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وی ایچ پی اور بجرنگ دل کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے کر ان پر پابندی لگا دی جائے۔