مقبوضہ جموں و کشمیر

بیگناہ کشمیریوں کے بے رحمانہ قتل کا سلسلہ جاری

سرینگر16 اکتوبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے بیگناہ کشمیریوں کے بے رحمانہ قتل کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔بھارتی فوجیوں نے آج مزید دو نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں نے 24 گھنٹوں کے دوران چار بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا ۔ فوجیوں نے آج ضلع پلوامہ کے علاقے درنگل پامپور میں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائی کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کیا۔ فوجیوں نے گزشتہ شام اسی طرح کی کارروائیوں میں ضلع پلوامہ ہی کے علاقے واہی بگ میں ایک جبکہ ایک اور نوجوان کو سرینگر کے علاقے بمنہ میں شہید کیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابض بھارتی فوجیوں نے رواں ماہ اب تک 16 جبکہ گزشتہ ماہ 18 کشمیری شہید کیے ۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ بھارتی فوجیوں نے حق خود ارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کیلئے جنوری 1989 سے اب تک 95ہزار 8سو 91سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی وحشیانہ کارروائیوں کا مقصد کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دبانا ہے لیکن کشمیری بھارتی جبرو استبداد کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا کہ ظالم بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں شکست کا مزہ چکھنے والا ہے اور اس کے غیر قانونی قبضے سے آزادی حاصل کرنا کشمیریوں کا مقدر ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بے گناہ کشمیریوں کا بے رحمانہ قتل جہاں عالمی حقوق کے اداروں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے وہیں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی خطے کے امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں بے گناہ لوگوں کے قتل کو روکنے کے لیے مداخلت کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button