پاکستان

بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا پاکستان کو ایک اور فالس فلیگ آپریشن میں الجھانے کا منصوبہ بے نقاب

پاکستانی مچھیرے ملاح اعجاز کو جاسوسی کے لئے استعمال کیاگیا: وزیر اطلاعات عطا تارڈ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت میدان جنگ میں شکست کو بھلا نہیں پارہا اور آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد اس نے مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کی مہم شروع کررکھی ہے جبکہ بھارتی میڈیا جھوٹا بیانیہ پھیلانے میں مصروف ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عطاتارڈ نے اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹرطلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کہ آپریشن سندور کی ناکامی اور عالمی سطح پر پاکستان کے ہاتھوں رسوائی کے بعد سے بھارت نے مسلسل پاکستان کو بدنام کرنے کی منظم مہم شروع کر دی ہے۔ اسی سلسلے کی ایک ناکام کوشش کو ہماری مستعد سیکیورٹی ایجنسیز نے بے نقاب کیا ہے۔ اس کوشش میں بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی نے ایک پاکستانی مچھیرے کو پاکستان افواج کی وردیاں اور دیگر سامان خرید کر بھارت بھیجنے کا کام سونپا، تاہم ہماری سیکیورٹی اداروں کی بروقت کاروائی نے بھارت کے اس منصوبہ بندی کا سراغ لگا لیا اور مجرم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔پاکستانی سیکورٹی ایجنسیاں گہرے سمندری پانیوں میں بھارتی ایجنسیوں کی مشکوک حرکات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ستمبر 2025میں سکیورٹی اداروں نے مسلسل نگرانی کے بعد ایک بظاہر عام سے مچھیرے سے مسلح افواج کی وردیاں اور مشکوک سامان برآمد کیا۔ یہ شخص جس کا نام ملاح اعجاز ہے ،مختلف دوکانوں سے پاکستانی افواج کے استعمال کی چیزوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی وجہ سے ہماری نظروں میں تھا۔مشتبہ سرگرمیوں کی تصدیق کے بعد ایک مشترکہ انٹیلیجنس آپریشن میں اس مشتبہ شخص کو فوجی وردیوں اور دیگر سامان سمیت اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا جب وہ کشتی کے ذریعے اس سامان کو بھارت سمگل کرنا چاہ رہا تھا۔گرفتاری کے بعد اسے اس کے مقاصد، روابط اور ممکنہ جاسوسی نیٹ ورک کے بارے میں تفصیلی تفتیش کی گئی۔ اور اس کے موبائل فون کے فرانزک تجزیے کے بعد کچھ اہم حقائق سامنے آئے ہیں۔اعجاز ملاح نے بتایا کہ وہ ایک غریب مچھیرا ہے جو گہرے پانی میں جا کر مچھلی پکڑتاتھااور بھارتی خفیہ ایجنسی کی طرف سے دی گئی لالچ میں آگیا۔اگست میں بھارتی کوسٹ گارڈ نے اسے گہرے پانیوں میں مچھلی کا شکار کرتے ہوئے گرفتار کیا، بعد ازاں اسے ایک نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا جہاں بھارتی انٹلیجنس کے اہلکاروں نے اس سے ملاقات کی اوراسے بتایا کہ گرفتاری کے الزام کے تحت اسے بھارت میں دو سے تین سال قید کی سزا بھگتنی پڑے گی۔بھارتی اہلکاروں نے پیشکش کی کہ اگر وہ پاکستان کے اندر ان کے لیے کام کرے تو اسے رہا کیا جا سکتا ہے، جس پر اس نے لالچ اور دھمکیوں کے بعد رضامندی ظاہر کی۔انہوں نے اسے کچھ سامان فراہم کرنے کی ہدایت کی جو اسے پاکستان جا کر جمع کرنا تھا اور بعد ازاں کشتی کے ذریعے بھارت پہنچانا تھا۔ہم نے اس مچھیرے کی اپنے ہینڈلر سے کی گئی وائس چیٹ بھی حاصل کر لی ہے۔ جس میں اسکو کہاگیاکہ وہ پاکستانی مسلح افواج کی مخصوص ناپ کی وردیاں ،آرمی، نیوی اور سندھ رینجرز کی پٹیاں جن پر مخصوص نام: عبید، حیدر، سہیل، ادریس، صمد اور ندیم لکھے ہوں، تین زونگ موبائل سم کارڈ زجن کا بلینک خریداری انوائس کراچی سے ہو، سگریٹ کے پیکٹ، ماچس، لائٹر اور پاکستانی کرنسی کے 100اور 50کے نوٹ فراہم کرے۔اعجاز نے کراچی کی مختلف دوکانوں سے مطلوبہ سامان کا انتظام کیا، جس کی تصویریں اس نے بھارتی انٹلیجنس کو بھیجیں۔ اعجاز کو 95ہزار روپے سامان کی تصاویر بھجوانے کے عوض ادا کیے گئے، جبکہ بقیہ رقم سامان کی کامیاب ترسیل کے بعد ادا کرنے کا وعدہ کیا گیا۔اکتوبر کے آغاز میں وہ مذکورہ سامان بھارت پہنچانے کے لیے سمندر کی سمت روانہ ہوا، تاہم پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔عطاتارڈ نے کہاکہ بھارتی سیاسی قیادت پاکستان دشمنی میں اندھی ہو چکی ہے اور آپریشن سندور کی شکست کو بہار کے ریاستی انتخابات سے عین پہلے ایک فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے بدلنے کی کوشش کر رہی ہے۔یہ میڈ ان پاکستان اشیا سگریٹ ، لائٹرز ، اور کرنسی کسی ایسے جعلی مقابلے میں استعمال کرنے کا امکان ہے جس کے بعد یہ پرواپیگنڈہ کیا جا سکے کہ پاکستان بھارت میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں براہ راست ملوث ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نیوی اور سندھ رینجرز کی مخصوص وردیوں کی طلب سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ جعلی کارروائی ممکنہ طور پر بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں خصوصا کچھ یا بھوج میں انجام دینے کا منصوبہ ہے اور اس سازش کو بھارت کی اسی علاقے میں ہونے والی جنگی مشقوں سے جوڑا جائے۔ ن حاصل کردہ فوجی وردیوں اور دیگر سامان سے پاکستانی فوج کے حاضر سروس اہلکاروں کی گرفتاری کا جھوٹا ڈرامہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ زونگ سم کارڈز اس لیے شامل کیے گئے تاکہ مبینہ آپریٹرز یا آپریشن کی فنڈنگ اور مواصلاتی رابطے چینی عناصر سے منسوب کیے جا سکیں۔پاکستان بھارت کو بار بار سمجھاتا رہا ہے کہ وہ ان سازشی حرکتوں سے عالمی سطح پر عزت نہیں کما رہا۔ یہ بھونڈے ڈرامے اسے مزید ننگا کر رہے ہیں۔بھارتی عوام آنے والے انتخابات میں اپنی حکومت کی حرکتوں کو ذہن میں رکھیں ، کیونکہ الیکشن ہوں اور مودی حکومت گودی میڈیا کے ساتھ مل کر جعلی ڈرامہ پیش نہ کرے یہ ہو نہیں سکتا۔انہوں نے کہاکہ میں پاکستانی عوام سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ بھارتی عزائم سے چوکنا رہیں۔پاکستان اس گھنائونے بھارتی آپریشن کے تمام شواہد اپنے بین الاقوامی دوستوں کے سامنے پیش کر رہا ہے تاکہ بھارت کا مذموم چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button