ہندوبیٹیوں کی بے عزتی کرنے والوں کے ہاتھ کاٹ دیں گے: بھارتی وزیر
نئی دہلی 19مارچ(کے ایم ایس)بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر اشونی کمار چوبے نے کہا ہے کہ وہ ان لوگوں کے ہاتھ کاٹ دیں گے جو ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والوں کی بیٹیوں کی توہین کریں گے۔
اشونی کمار چوبے نے کہا کہ سناتن دھرم کی بیٹیاں ہمارے ملک کی بیٹیاں ہیں جو ان کی عزت و وقار سے کھلواڑ کرے گا میں ان کے ہاتھ کاٹ دوں گا۔انہوں نے کہاکہ اس کے باوجود اگر آرجے ڈی کے لیڈر یہ مانتے ہیں کہ وہ اپنی بیٹیوں کو(شادی کیلئے) دوسری برادریوں کے لوگوں کو دیں گے تو وہ ایسا کرنے کیلئے آزاد ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت ایک ہندو ملک ہے اور ایسا ہی رہے گا۔ واضح رہے کہ آرجے ڈی رکن اسمبلی بھائی وریندر نے ایک دن قبل کہا تھا کہ بی جے پی قائدین ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کی بیٹیوں کی شادی مسلمانوں کے ساتھ ہوئی تھی۔بھائی وریندر نے یہ بھی کہا تھا کہ بی جے پی لیڈروں کو اپنی بیٹیوں کو مسلمانوں سے بچانا چاہئے۔ اِس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک اور بی جے پی لیڈر اور ایم ایل سی سنتوش سنگھ نے کہا آرجے ڈی قائدین ذہنی طور پر دیوالیہ ہوچکے ہیں۔ اگر کوئی مسلمان نوجوان ہندو برادری کی بیٹیوں کی طرف انگلی بھی اٹھاتا ہے تو میں اس کی انگلی کاٹ دوں گا۔