بی جے پی شراب کی مزید دکانیں کھول کر کشمیری نوجوانوں کو شراب نوشی کی طرف دھکیل رہی ہے : کانگریس
جموں04 اپریل(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکانگریس پارٹی نے کہاہے کہ بی جے پی کی حکومت شراب کی مزید دکانیں کھول کر جموں کشمیر کے نوجوانوں کو شراب نوشی کی طرف دھکیل رہی ہے ۔
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان رویندر شرما نے سابق رکن اسمبلی ٹی ایس باجوہ ،سابق وزیر بھوشن ڈوگرا اور ڈی سی سی راجوری کے لیڈروں کے ہمراہ مختلف مقامات پرعوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی حکومت کے پاس نوجوانوں کے لیے کوئی روزگار نہیں ہے اور یہ حزب اختلاف کی آواز کو دبا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اور قابض انتظامیہ نے لوگوں سے ان کے کاروبار چھین لئے اور وہ نوجوانوں کو نوکریاں دینے میں ناکام رہے۔ اس کے بجائے یہ لوگ ہرسال شراب کی نئی نئی ہول سیل دکانیں کھول کر نوجوانوں کو شراب نوشی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ جب بی جے پی اپوزیشن میں تھی تو شراب کی دکانیں کھولنے کی مخالفت کرتی تھی اور حکومت میں آئی تو نوجوانوں کو شراب نوشی کی طرف دھکیل رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر میں شراب کی آدھی سے زیادہ دکانیں بی جے پی کے دور حکومت میں کھلی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی حکومت شراب کی پالیسی،بے روزگاری، قیمتوں میں اضافہ اورعوامی پیسے کی لوٹ مار جیسے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے پرا پوزیشن کی آواز کو دبارہی ہے۔