کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں: حریت کانفرنس

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری بھارتی غلامی سے آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک آزادی کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم ہرگزکسی کو شہداءکے مقدس لہو کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اپنے شہداءکی قربانیوں کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے اور ایسی سرگرمیوں سے دورہنے کی ضرورت ہے جو تحریک آزادی کے لیے نقصان دہ ہوں۔حریت ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت کی ظالمانہ کارروائیاں اور ہتھکنڈے کشمیری عوام کو اپنے مشن کو آگے بڑھانے سے نہیں روک سکتے۔ انہوں نے کہااگربھارت ہماری سڑکوں پر سونااور چاندی بھی بچھادے گا، تب بھی ہم اس کی بالادستی قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 78 سالوں میں کشمیریوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، ہزاروں لوگوں کو شہید،گرفتاراورنظربندکیاگیا ، ہزاروں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایاگیا، اربوں روپے کی املاک زمین بوس کی گئی اورجنسی تشدد کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا۔انہوں نے حریت رہنماو¿ں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی اور بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ حریت ترجمان نے کہاکہ ہمیں ایسی رپورٹس موصول ہوئی ہیں کہ وادی کشمیر اورجموں خطے میں خاص طورپر راجوری ، پونچھ ، ڈوڈہ اورکشتواڑ میں نوجوانوں یہاں تک کہ نوجوان لڑکیوں کو بھی بھارتی فورسز کی طرف سے طلب کیا جا رہا ہے جو انتہائی توہین آمیز،ناقابل برداشت اورناقابل قبول ہے۔ترجمان نے لوگوں سے اپنے جائز مقصد اور اتحاد کے لیے کھڑے ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس، بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کی حمایت کرنا شہداءکے خون سے غداری ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکام نئی دہلی کے مسلط کردہ لیفٹننٹ گورنر کے سرکاری پروگراموں میں لوگوں کی شرکت کو اپنے حق میں فیصلے کے طور پر پیش کر کے عالمی برادری کو گمراہ کر رہے ہیں۔ عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ ہم آزادی کے مقدس مشن پر عمل پیراہیں اورہرگزاس طرح کی سرکاری تقریبات اورریلیوں کی حمایت نہیں کرتے۔






