مودی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں بے گناہ لوگوں کو گرفتار کرنے کے لیے کالے قوانین کا سہارالے رہی ہے
سرینگر09اپریل(کے ایم ایس)بھارت غیر قانونی طور پر اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تمام بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے سرینگر میں اپنے انٹرویوز اور بیانات میں کہا کہ مقبوضہ علاقے کے لوگ اپنے بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں بے گناہ لوگوں کو گرفتار کرنے کے لیے پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون جیسے کالے قوانین کا استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کر دی اور اب وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کوپامال کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوں کو آباد کر رہی ہے۔سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا کہ کشمیریوں کی شناخت چھیننے کے لئے بھارت تیزی سے غیر مقامی لوگوں کو ڈومیسائل فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دینا عالمی قوانین اور کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کشمیریوں کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ ان کے حق خودارادیت سے محروم کر رہا ہے اور کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے پر آمادہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں عالمی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی پر سزا ملنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اخلاقی طور پر پابند ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو حل کرائے۔