تنازعہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا: مسلم لیگ
سرینگر09اپریل(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلم لیگ نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سیدعاصم منیر کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے تنازعہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قرارداوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پر زوردیا ہے۔
مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ تنازعہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کئے بغیرجنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمند تعبیر نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو کسی بھی صورت میں پس پشت نہیں ڈالا جاسکتا کیونکہ اس مسئلے کے حل کے بعد ہی بھارت کے ساتھ دیگر مسائل حل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں اورکھربوں روپے مالیت کا نقصان برداشت کیاہے ۔ترجمان نے کہاکہ مائوں اوربہنوں کی بے حرمتی اور لاکھوں نو جوانوں کی گرفتاریاں اورنظربندیاںجیسی عظیم قربانیاں صرف بھارتی قبضے سے آزادی کے لئے دی گئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لئے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی قراردادوں میں دی گئی ہے، ہرصورت اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماعبدالصمد انقلابی نے ممتاز سیاسی و مذہبی رہنما ا ور مفسر قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کو ان کی 56ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوںنے ایک بیان میں کہا کہ میرواعظ مولوی محمد یوسف شاہ تاریخ ساز شخصیت تھے جنہوں نے اپنا سب کچھ تحریک آزادی کشمیر کے لئے وقف کیا تھا۔