بھارت اپنے مذموم عزائم کے حصول کیلئے پاکستان کے خلاف ہائبرڈ جنگ جاری رکھے ہوئے ہے
اسلام آباد 20اکتوبر (کے ایم ایس )
بھارت کئی محاذوں پر پاکستان کے خلاف مسلسل ہائبرڈ جنگ جاری رکھے ہوئے ہے اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کر رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت پاکستان کو ایک ناکام ریاست ، دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کے سرپرست کے طورپر پیش کرنے کیلئے جھوٹی اور جعلی خبریں پھیلا رہا ہے ۔بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف معلوماتی جنگ کو ایک ہائبرڈہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیاگیا ہے کہ بھارت افغانستان اور پاکستان میں ہر طرح سے دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین ڈس انفلو لیب نے بھی پاکستان کے خلاف بھارت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کیا ہے ۔نئی دہلی میں قائم شری واستو گروپ کے ذریعے چلائے جانے والے ڈس انفارمیشن نیٹ ورک کو پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔پاکستان اور افغانستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کو پاکستان نے متعدد بار بے نقاب کیا ہے۔ بھارتی ڈس انفارمیشن نیٹ ورک کا مقصد قوموں کی برادری میں پاکستان کے بارے میں منفی تاثر پیدا کرنا ہے۔رپورٹ میں واضح کیاگیا ہے کہ بھارت اپنی ڈس انفارمیشن مہم کے ذریعے کشمیریوںکی مزاحمتی تحریک اور پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہاہے تاکہ عالمی برادری کی توجہ اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے ہٹا سکے۔ پاکستان نے گزشتہ سال ملک میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے بارے میں ایک ڈوزیئر اقوام متحدہ کوپیش کیاتھا۔پاکستان نے گزشتہ ماہ بھی ایک ڈوزیئر میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور جنگی جرائم کو بے نقاب کیا ہے ۔ 131صفحات پر مشتمل ڈوزیئرمیں مقبوضہ علاقے میں جعلی مقابلوں ،فالس فلیگ آپریشنوں اور خواتین کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طورپر استعمال کے علاوہ بھارتی قابض افواج کے جنگی جرائم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی پاکستان اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کے خلاف ہائبرڈ جنگ کی حکمت عمل نے اس کا حقیقی فسطائی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔بھارت کی ہائبرڈ جنگ کی حکمت عملی سے جنوبی ایشیا میں اس کے توسیع پسندانہ عزائم کی بھی عکاسی ہوتی ہے ۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کشمیریوں کی اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد اقوام متحدہ کے چارٹر پر مبنی ہے اور پاکستانی اور کشمیری اپنے خلاف بھارت کے ہائبرڈ جنگ کے ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔