APHC-AJK

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے شہدائے لال چوک کو خراج عقیدت

WhatsApp Image 2023-04-10 at 8.01.07 PMاسلام آباد 10 اپریل(کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر کی صدارت میں اسلام آباد میں ایک اجلاس میں شہدائے لال چوک کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا ہے۔
بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسزکے اہلکاروں نے 10اپریل 1993کوسرینگر کے تجارتی مرکز لال چوک کے ایک بڑے حصے کو نذرآتش کرکے47معصوم شہریوں کو زندہ جلا دیاتھا جبکہ واقعے میں مجموعی طورپر 125سے زائدشہریوںکو شہید کیاگیا تھا ۔ واقعے میں60سے زائد مکان، پانچ تجارتی عمارتیں، 150دکانیں،2 سرکاری عمارتیں،درگاہ اور اسکول مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے تھے ۔اجلاس کے شرکاء نے کہاکہ یہ قتل عام مقبوضہ علاقے پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیریوںکو خاموش کرانے کیلئے بھارتی حکومت اوراس کے آلہ کاروں کی ظلم وجبر کی پالیسی کا تسلسل تھا۔انہوں نے کہاکہ بھارت دنیا بھر میں انسانی حقوق کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں کرنے والا ملک ہے۔مقررین نے کہا کہ شہداکی بیش بہا قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں اور انہی قربانیوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور عالمی برادری کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق خود ارادیت دینے پر زور دے رہی ہے ۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے اور جنگی جرائم میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔اجلاس میں شہدا کشمیر کی بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی ۔ اجلاس میں غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، محمد حسین خطیب، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی،نثار مرازا ، سید اعجاز رحمانی، جاوید اقبال بٹ ، سید مشتاق، مشتاق احمد بٹ اور محمد شفیع ڈار نے شرکت کی ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button