مودی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے
سرینگر19اگست(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خواجہ فردوس، سید بشیر اندرابی اور محمد شفیع لون نے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے ایک مہم شروع کررکھی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق خواجہ فردوس، سید بشیر اندرابی اور محمد شفیع لون نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت تمام بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیرکی شناخت اورآبادی کے تناسب کو تبدیل کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدام کے بعد سے کشمیریوں کو نشانہ بناکر قتل کرنے اور ان کی املاک کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکیاکہ غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرکے مقبوضہ وادی میں ہندوئوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے سے مسلم ثقافت اور اس کے نام ونشان کو مٹانے کے لیے اسکولوں، کالجوں اور سڑکوں کے نام تبدیل کرنا شروع کر دیے ہیں۔ حریت رہنمائوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کو ڈرانے ،دھمکانے اور ان کی تحریک آزادی کو دبانے کی غرض سے اپنی فوجی طاقت کو استعمال کرنے کے لیے دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو توڑ نہیں سکتا اور مودی حکومت کے ظالمانہ ہتھکنڈے انہیں حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کو آگے بڑھانے سے نہیں روک سکتے۔انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ بے گناہ کشمیریوں پر مظالم بند کرے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے۔