بھارت میں 3سال میں 13لاکھ سے زائد لڑکیاں، خواتین لاپتہ ہوئیں: این سی آر بی
نئی دہلی20اگست(کے ایم ایس) بھارت کی مختلف ریاستوں میں 2019اور 2021کے درمیان تین سالوں میں 13لاکھ سے زائد لڑکیاں اور خواتین لاپتہ ہو گئی ہیں۔
بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ 2019سے2021 کے درمیان 18سال سے زائد عمر کی 10,61,648خواتین اور 18سال سے کم عمر کی 2,51,430لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی)کے مرتب کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ریاست مدھیہ پردیش میں تین سالوں میں 1,60,180خواتین اور 38,234لڑکیاں لاپتہ ہوئیں، مغربی بنگال میں 1,56,905خواتین اور 36,606لڑکیاں اور مہاراشٹر میں1,78,400خواتین اور13,033 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔ تلنگانہ ریاستی پولیس نے بتایا کہ ریاست میں 87فیصد لاپتہ لڑکیوں اور خواتین کا سراغ لگایا گیا ہے جس سے یہ پتہ چلا ہے کہ ریاست میں لڑکیوں اور خواتین کے لاپتہ ہونے کا تعلق جنسی استحصال کے لیے اسمگلنگ، بچہ مزدوری ،جبری مشقت ،بھیک مانگنے اورکم عمری کی شادی جیسے کسی سنگین مجرمانہ سرگرمی سے نہیں ہیں۔