بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہو چکی ہے، شبیراحمد شاہ
27اکتوبر کو ہڑتال کی کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل کا اعادہ
سرینگر 23اکتوبر ( کے ایم ایس )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند نائب چیئرمین شبیر احمد شاہ نے 27اکتوبر کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی حریت کانفرنس کی اپیل کا اعادہ کیا ہے جسکا مقصد بھارت کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ کشمیری اپنے مادر وطن پر اسکے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ بھارت نے 27اکتوبر1947کو تقسیم برصغیر کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی خواہشات کے منافی سرینگر کے ہوائی اڈے پر اپنی فوج اتار کر جموں وکشمیر قبضہ جما لیا تھا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں مقبوضہ علاقے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔شبیر احمد شاہ نے جنہوں نے اپنی نصف عمر جہنم نما بھارتی جیلوں میں گزاری ہے اور اپنی زندگی بھارتی محکومیت سے آزادی کے مقدس مقصد کے لیے وقف کررکھی ہے ، کہا کہ فسطائی بھارتی حکومت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے کہ اس کی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہو چکی ہے اور وہ تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔شبیر شاہ نے آزادی پسند کشمیریوں کے عزم و حوصلے پر اطمینان کا اظہار کیا جنہوں نے بدترین بھارتی دباو کے باوجود حق پر مبنی اپنے کاز پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کسی بھی بھارتی رہنما کے مقبوضہ علاقے کے دوروں سے لاتعلق رہنے کے کشمیریوں کے اقدام کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ عظیم لوگ جو اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کے لیے لڑتے ہیں کبھی بھی اپنے قابضین سے چھوٹی چھوٹی مراعات کی بھیک نہیں مانگتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں جن کی مزاحمتی تحریکوں کی عالمی تاریخ میں کوئی مماثلت نہیں ہے لہذا ہمارے پاس اپنی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ شبیر احمدشاہ نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں شہری آبادی کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کے غیر انسانی طریقے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور قبضہ کرنے والے کی فوج کے درمیان جنگ ہمیشہ عوام کی عظیم فتح پر اختتام پذیر ہوتی ہے۔شبیر شاہ نے گزشتہ ہفتے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے تحریک آزادی کو اپنے خون سے پروان چڑھایا ہے اور کشمیریوں کا فرض ہے کہ وہ شہداءکے عظیم مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے بے رحمانہ قتل،بلا جواز گرفتاریوں، کالے قوانین کے استعمال، ماورائے عدالت قتل اور خواتین کی بے حرمتی کا نوٹس لیںاور مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کریں۔