کشمیریوں کو ان کے جمہوری حقوق سے محروم کرنے پر بھارتی حکومت کی مذمت
سرینگر03ستمبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے سینئر رہنما غلام احمد میر نے کشمیری عوام کو ان کے جمہوری حقوق سے محروم کرنے پر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی مذمت کی ہے۔
غلام احمد میر نے ضلع اسلام آباد میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسرشاہی راج کے خاتمے کے لیے علاقے میں بغیر کسی تاخیر کے منتخب حکومت قائم ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، انتظامیہ میں کوئی جوابدہی نہیں ہے۔ کوئی عوامی مسائل کو سننے یا حل کرنے کو تیار نہیں۔ لیکن اس کے باوجود انتظامیہ ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے محض کھوکھلے وعدوں اور بلند و بانگ دعوئوں سے لوگوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ کشمیر ی عوام کی امنگوں کا احترام کریں اور جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت اور جمہوری عمل کو بحال کریں۔