جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس پر بھارت نے غیر قانونی طور پر قبضہ کررکھا ہے
سرینگر03ستمبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی سٹوڈنٹس ونگ نے کہاہے کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس پر بھارت نے غیر قانونی طور پر قبضہ کررکھا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی سٹوڈنٹس ونگ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور وہ مقصد حاصل ہونے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سٹوڈنٹس ونگ نے سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میںپوسٹر چسپاں کئے ہیں جن پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کا کشمیری عوام کیلئے پیغام درج ہے۔ پیغام میں کہاگیا ہے کہ کشمیری قوم نے حصول حق خود ارادیت کی جدوجہد میں بے مثال قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے اوریہ جانی اور مالی قربانیاں غلامی کی زنجیروں کوتوڑنے کیلئے پیش کی گئی ہیں۔ لہذا قوم کے نوجوانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان قربانیوں کی ہر صورت میں حفاظت کریں ۔ شبیر احمد شاہ نے اپنے پیغام میں واضح کیاہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیاجاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںو کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ محبوس قائد شبیر احمد شاہ نے اپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی کے لئے وقف کررکھی ہے اورانہوں نے اپنی زندگی کابیشتر حصہ بھارتی جیلوں میں گزارا ہے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ بھارتی ریشہ دوانیوں اورسازشوںکے باوجود شبیر احمد شاہ حق پر مبنی اپنے موقف پر چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔