شبیر شاہ کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہار تشویش
سرینگر04 ستمبر (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے جاری قتل وغارت اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں نظربند رہنما نے وادی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے جن میں بے گناہ نوجوانوں کو شہید کیاگیا، کہاکہ نام نہاد آپریشنز کے دوران بے گناہ شہریوںخاص طور پر نوجوانوں کو عسکریت پسندوںکا لیبل لگاکر جان بوجھ کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو قتل کرنے کے لیے اپنی افواج کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جبکہ دوسری طرف این آئی اے کو حکومتی احکامات نہ ماننے والے سیاسی کارکنوں اور سول سوسائٹی کے ارکان کو نشانہ بنانے اور خاموش کرانے کے لیے کھلا چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنمائوں کی جائیدادوں کو ضبط کرنا مقبوضہ جموں و کشمیر میں جائز سیاسی آوازوں کو خاموش کرنے کی قابض حکومت کی مہم کا حصہ ہے۔شبیر شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے اسرائیلی آبادکاری کے استعماری ماڈل کی پیروی کرتے ہوئے کشمیریوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر قبضہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔کشمیریوں کے گھروں، زمینوں، دفاتر پر قبضہ کر کے خوف و دہشت کا ماحول پیدا کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو مختلف بہانوں سے فارغ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ نئی دہلی کے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیریوں کو آزادی کے اجتماعی مقصد کو آگے بڑھانے سے نہیں روک سکتے۔حریت رہنما نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ علاقے میں قتل وغارت ،ظلم و تشدداور سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کو نشانہ بنانے کا موثر نوٹس لیں۔شبیرشاہ نے وادی کشمیر میں تیزی سے پھیلتی ہوئی منشیات کی لعنت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسے کشمیریوں کے خلاف ایک گہری سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں کام کرنے والے ڈرگ مافیا نے وادی کو منشیات کے اڈے میں تبدیل کر دیا ہے جہاں معصوم لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو منشیات کی طرف مائل کیا جا رہا ہے۔