کشمیر میں بھارتی فورسز کے سینئر اہلکاروں کی ہلاکت کے وقت بی جے پی ہیڈکوارٹر میں بادشاہ کیلئے جشن کی محفل سجی تھی ! پون کھیڑا
نئی دلی:
بھارت میں کانگریس پارٹی نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے ضلع اسلام آباد میں گزشتہ روز ایک حملے میں بھارتی فوج کے کرنل، میجر اور پولیس کے ڈی ایس پی کی ہلاکت پر وزیر اعظم نریندر مودی پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ جس وقت بھارتی فورسز کے سینئر اہلکاروںکو قتل کیاگیا اس وقت حکمران بی جے پی کے ہیڈ کوارٹر میں نریندر مودی کیلئے جشن کی محفل سجی ہوئی تھی ۔
کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ‘ایکس’ پر لکھا کہ کچھ بھی ہو جائے، وزیر اعظم اپنی تعریف کو ملتوی نہیں کر سکتے!۔انہوں نے کہاکہ ”گزشتہ روز جس وقت سرحد پر ہماری فوج کے تین اعلیٰ عہدیداروں کی ہلاکت کی خبریں مل رہی تھیں، اسی وقت G-20کے کامیاب انعقاد پر بی جے پی ہیڈکوارٹر میں بادشاہ(نریندر مودی) کے لیے جشن کی محفل سجی تھی۔ چاہے کچھ بھی ہو جائے، وزیر اعظم اپنی واہوہی کو ٹال نہیں سکتے۔”گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں ایک حملے میں بھارتی فوج کے کرنل منپریت سنگھ، بٹالین کمانڈنٹ میجر آشیش دھنوت اورپولیس کے ڈی ایس پی ہمایوں بٹ ہلاک ہو گئے تھے ۔اسی شام نئی دلی میںG-20سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر بی جے پی کے نیشنل ہیڈ کوارٹر میں وزیر اعظم مودی کیلئے استقبالیہ پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔