دھاندلی کے بغیر بی جے پی الیکشن نہیں جیت سکتی: اکھلیش یادو
لکھنو: بھارت میں سماج وادی پارٹی کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی پر انتخابات میں دھاندلی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی دھاندلی کے بغیر انتخابات نہیں جیت سکتی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اکھلیش یادو نے لکھنو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی بے ضابطگی میں ملوث بی جے پی ارکان بنیادی تعلیم کے افسر اورڈسٹرکٹ اسکول انسپکٹر جیسے عہدیداروں کو دھمکا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی ذمہ داری انتظامی عہدیداروں کے طور پر کام کرنا ہے، نہ کہ سیاسی کارکن بننا۔ایس پی صدر نے ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظرثانی پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے سوال کیاکہ بی جے پی رہنمائوں کے پاس ووٹر فہرست کیسے پہنچ رہی ہے اور حکومت کے وزرا کو یہ فہرست کہاں سے مل رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف مقامات پر وزرا کے وائس میسج بھیجے جا رہے ہیں۔ اکھلیش یادو نے انتخابی عمل کی غیر جانبداری یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔اکھلیش یادو نے دعوی کیا کہ بی جے پی کے وزیر اعلی کی کرسی محفوظ نہیں ہے اور عوام اس بار بی جے پی سے اقتدار چھیننے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسی بچانے کے لیے حکومت کچھ بھی کہہ سکتی ہے۔
اکھلیش یادو نے لکھنو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو بدعنوانی کا اڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اس محکمے کو بدعنوانی کا مرکز بنا دیا ہے ۔






