نئی دلی26مئی(کے ایم ایس) امریکی پولیس نے صدر جوبائیڈن کے قتل کا منصوبہ تیار کرنے کے الزام میں ایک بھارتی نژاد نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیر کے روز رات قریباً دس بجے ایک نوجوان نے اپنے ٹرک کو وائٹ ہاﺅس کے بیر یکیڈس سے ٹکرا دیا۔ پولیس نے فوری طور پر حرکت میں آکر ٹرک کو گھیر لیا اور نوجوان کو حراست میں لیا ۔ پولیس کو ٹرک سے جرمن نازی پرچم بھی ملا۔ بتایا جاتا ہے کہ ورشیت کنڈولا نامی انیس سالہ نوجوان نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ وہ گزشتہ چھ ماہ سے صدر بائیڈن پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا ۔ نوجوان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، املاک کو تباہ کرنے اور صدر کے قتل کی سازش کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ بیر یکیڈس سے ٹرک ٹکرانے کا ویڈیو بھی وائرل ہوا ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق بیر یکیڈس کو ٹکر مارنے کے بعد یہ نوجوان نازی پرچم کے ساتھ ٹرک سے خود باہر آیا اور نعرے لگانے شروع کردیے۔ بتایا جارہا ہے کہ ورشیت کا تلگو نژاد ہونا یقینی ہے تاہم اسکا تعلق تلنگانہ یا آندھرا پردیش سے ہے اسکی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ یہ نوجوان پہلے امریکی ریاست مسوری کے چیسٹ فیلڈ علاقے میں مقیم تھا اور حال ہی میں واشنگٹن منتقل ہوا تھا۔اس نے ٹرک کرایہ پر حاصل کیاتھا۔ پولیس نوجواں کے بارے میں مزید معلومات جمع کر رہی ہے۔