کینیڈا نے بھارت کیلئے طے شدہ تجارتی مشن ملتوی کر دیا
نئی دلی
کینیڈا اور بھارت کے تجارتی محاذ پر بھی تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ کینیڈا نے آئندہ ماہ اکتوبر میں بھارت کے لیے طے شدہ تجارتی مشن ملتوی کر دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کینیڈا کے وزیر تجارت نے کہا ہے کہ اکتوبر میں بھارت کے لیے طے شدہ تجارتی مشن ملتوی کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے بھارتی حکام نے کہا ہے کہ کینیڈا میں سیاسی سرگرمیوں پر اعتراضات کے سبب تجارتی معاہدے پر بات روک دی گئی ہے۔بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں سکھوں کے مظاہروں سے نمٹنے کے لیے کینیڈا پر تنقید کی تھی۔مودی کی تنقید پر کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ کینیڈا میں ہر شہری کو پرامن احتجاج اور آزادی اظہار رائے کا حق حاصل ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے چند دن قبل بھارت میں جی 20 اجلاس میں شرکت کی تھی تاہم وہ اپنے دورہ بھارت سے خوش نہیں ہیں۔