مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ ملٹرائزڈ علاقہ ہے،فواد چوہدری
اسلام آباد27اکتوبر (کے ایم ایس )
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر دنیا میں سب سے زیادہ ملٹرائزڈ علاقہ ہے جہاں ہر دس کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فواد چوہدری نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو اسلام آباد میں یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر منعقدہ ایک تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام کے آزادی کے سفر میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے، کشمیری عوام نے اپنی جدوجہد آزادی میں جس طرح بے مثال قربانیاں دی ہیں، اس کی مثال ملنا مشکل ہے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کاز کو دبا نہیں سکتی، یہ سفر کشمیر کی آزادی پر ہی منتج ہوگا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزارت اطلاعات کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نمائش میں رکھی گئی تصاویر میں اس ظلم وجبر، استبداد اور تشدد کی ایک جھلک دیکھی جا سکتی ہے جو کشمیری عوام پر ہندوستان کی فوج نے روا رکھے ہیں، آج مقبوضہ وادی میں ہر دس کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے کشمیر کے عوام نے جو قربانیاں دی ہیں، ان کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، ہم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیر پر تین جنگیں لڑی ہیں، ہمارے فوجی جوانوں نے کشمیر کیلئے شہادتیں دی ہیں، ہمارے قبرستان شہیدوں کے خون سے مہکتے ہیں، ہماری سیاست، معیشت اور خارجہ پالیسی کشمیر کے گرد گھومتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ یہ جذبے ہمیشہ سلامت رہیں گے، کشمیر کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔