میرواعظ کا مولانا عباس انصاری کو خراج عقیدت
سرینگر : کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بزرگ حریت رہنما اور معروف عالمی دین مولانا عباس انصاری کو ان کی پہلی برسی پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ وہ 17 سال کی عمر میں میر واعظ بنے تو مولانا عباس انصاری میرے لیے ایک سرپرست تھے جو والد کی طرح میری رہنمائی کرتے تھے۔ مرحوم رہنما ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے اور ہر مرحلے پر مجھے حوصلہ دیا اور قیمتی مشورے دیے۔
میرواعظ نے کہا کہ مولانا عباس انصاری ایک بااصول آدمی، بصیرت رکھنے والے سیاسی رہنما اور ایک ممتاز عالم دین، مبلغ اور مصنف تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا کے میرے والد میر واعظ مولوی محمد فاروق سے گہرے مراسم تھے اور ہر معاملے میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
میرواعظ نے کہا کہ مولانا عباس انصاری کی رحلت سے کشمیری ایک زیرک اور پرعزم رہنما سے محروم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مولانا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
یاد رہے کہ مولانا عباس انصاری گزشتہ برس آج کے دن طویل علالت کے بعد سری نگر میں انتقال کر گئے تھے۔حق خودارادیت کی جاری جدوجہد میں ان کے کردار کی وجہ سے انہیں کئی برس تک بھارتی جیلوں میں قید کاٹنا پڑی۔