کینیڈا؛ ایئر انڈیا کے پائلٹ کو نشے کی حالت میں پرواز سے اتار دیا گیا

وینکوور: کینیڈا میں ایئر انڈیا کے پائلٹ کو نشے کی حالت میں ہونے کی وجہ سے پرواز سے اتاردیاگیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کینیڈا کے شہر وینکوور میں ایئر انڈیا کی ایک بین الاقوامی پرواز اس وقت تاخیر کا شکار ہو گئی جب ٹیک آف سے قبل ایک پائلٹ کو نشے کی حالت میں ہونے کے شبے میں طیارے سے اتار دیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایئر انڈیا کی پروازAI186وینکوور سے روانگی کی تیاری کر رہی تھی۔ ایئرپورٹ پر موجود عملے کے ایک رکن نے پائلٹ کو شراب خریدتے ہوئے دیکھااور فوری طور پراس کی اطلاع متعلقہ حکام کو دی ۔ کینیڈین حکام نے پائلٹ کا معائنہ کیا۔پائلٹ سے شراب کی بو محسوس ہونے پر اس کا بریتھ اینالائزر ٹیسٹ کیا گیا جس میں وہ مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتر سکا۔حکام نے پائلٹ کے نشے میں ہونے کو مسافروں کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے مزید تفتیش کے لیے اسے حراست میں لے لیا۔ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق ایئرلائن کے حفاظتی ضوابط کے مطابق فوری طور پر متبادل پائلٹ کا انتظام کیا تاہم نئے پائلٹ کی تعیناتی میں وقت لگنے کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہوئی ۔ترجمان کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور پائلٹ کو عارضی طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیاہے۔








