بھارت :بمبئی اسٹاک ایکسچینج کو بم کی دھمکی موصول ، پولیس کی تلاشی کارروائی
ممبئی:بھارت میں بمبئی اسٹاک ایکسچینج کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی موصول ہوئی جس کے بعد پولیس نے تلاشی کی کارروائی شروع کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھمکی آمیز ای میل بی ایس ای کی آفیشل ویب سائٹ پر ”کامریڈ پنیاری وجین”نامی آئی ڈی سے موصول ہوئی ہے جس کے فوراً سکیورٹی فورسز متحرک ہوگئیں۔ای میل میں خبردار کیا گیا تھا کہ اسٹاک ایکس چینج کی فیروز ٹاور بلڈنگ میں چار آر ڈی ایکس بارودی سرنگیں رکھی گئی ہیںاور وہ سہ پہر 3بجے پھٹ جائیں گی۔ای میل کے بعد ممبئی پولیس اور بم ناکارہ کرنے والے اسکواڈ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مکمل تلاشی لی، تاہم وہاں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ پولیس نے اسے دھوکہ قرار دیا۔ ای میل بھیجنے والے کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔پیر کے روز نئی دہلی کے تین اسکولوں کو بھی بم کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیںجو بعد میں سیکورٹی چیک کے بعد جعلی ثابت ہوئیں۔پولیس نے بتایاکہ امرتسر میں گولڈن ٹیمپل کو بھی پیر کو بم کی دھمکی موصول ہوئی تھی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر تلاشی لی۔







