بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کا آبادیاتی تناسب بدل رہا ہے، ڈاکٹر عارف علوی
اسلام آباد: صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کا آبادیاتی تناسب بدل رہا ہے اور مسلمانوں کی نسلی کشی میں ملوث ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ان خیالات کا اظہار مسجد الحرام کے امام خطیب ڈاکٹر صالح بن عبداللہ حمید سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کوایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کا آبادیاتی تناسب بدل رہا ہے اور مسلمانوں کی نسلی کشی میں ملوث ہے۔ انہوں نے ملاقات میں خاص طور پر بھارت میں اسلامو فوبیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم کو بھی اجاگر کیا۔صدر مملکت نے اس موقع پر اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پرامن دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور عالمی برادری فلسطینی عوام کی تکالیف کا احساس کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ حمید نے حکومت ِپاکستان کی طرف سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی بھی ملاقات میں شریک تھے۔