واشنگٹن پوسٹ کے گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش سے متعلق مزید انکشافات
واشنگٹن: امریکا میں گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق امریکی روزنامے واشنگٹن پوسٹ نے مزید چونکا دینے والے انکشافات کردیے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ امریکا نے بھارت سے گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش پر کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔ سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی کے ڈائریکٹر ولیم کے برنس نے اس سلسلے میں اگست میں بھارت کا دورہ بھی کیا تھا۔ امریکی نیشنل انٹیلی جنسس ڈائریکٹر ایورل ہینس بھی ولیم برنس کے ہمراہ بھارت گئے تھے۔واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ قتل کی سازش سامنے آنے پر امریکا نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ رپورٹ میں مزیدکہا گیا کہ امریکا نے دوبارہ ایسا نہ کیے جانے کی بھارت سے ضمانت بھی طلب کی تھی۔ امریکی فیڈرل پراسیکیوٹرز کی جانب سے مین ہیٹن کی فیڈرل کورٹ میں اس سلسلے میں ایک بھارتی شہری نکھل گپتا پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ نکھل گپتا پر گروپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کیلئے ایک شخص کی خدمات لینے کا الزام ہے۔ اس سلسلے میں امریکی روزنامے نے اپنے رپورٹ میں کہا کہ نکھل گپتا امریکا میں نہیں، اس پر قاتل کو 15 ہزار ڈالر ایڈوانس دینے کا الزام بھی ہے۔امریکی پراسیکیوٹرز کے مطابق نکھل گپتا نے بھارتی اہلکار سمیت کئی افراد کے ساتھ مل کرگروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کی تھی۔ اخبار نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد ناکام بنائی گئی۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت میں ستمبر میں جی 20سربراہ اجلاس کے موقع پر بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا تھا۔دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کی فراہم کردہ معلومات کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔