بھارتی حکومت ، عدلیہ کے غیر قانونی فیصلوں سے جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، حریت کانفرنس
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر ہرگز بھارت کا اندروانی معاملہ نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ایک بین اقوامی تنازعہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے مودی حکومت کے غیر قانونی اقدام کی توثیق کے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے اور بھارتی حکومت اور عدلیہ کے غیر قانونی اور یکطرفہ فیصلوں سے اسکی اس حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کو مسلسل نظر انداز کر رہا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے انہیں دے رکھا ہے۔انہوںنے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہے اور انسانیت کے خلاف جاری اپنے سنگین جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے مقبوضہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کا جھوٹا بیانیہ دنیا کے سامنے پیش کر کے اسے گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے نے قانونی و جمہوری اصولوں کی بھارتی خلاف ورزیوں کو مزید بے نقاب کر دیا ہے کہ یہ بات بھی ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گئی ہے کہ بھارتیہ عدلیہ اپنے فیصلوں میں آزاد نہیں بلکہ مودی حکومت کے تابع ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حتمی حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہی مضمر ہے۔بیان میں دنیا پر زور دیا گیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
دریں اثنا ء مقبوضہ جموں و کشمیر میں وترگام اور رفیع آباد سمیت مختلف علاقوںمیں پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارتی قبضے اور کشمیر دشمن قوانین کے خلاف متحد ہو کر اپنی آواز بلند کریں۔پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ ہمیں متحد ہو کر کشمیر کاز اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی آواز بلند کرنی ہوگی اور بھارت پر واضح کرنا ہوگا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد کو مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔پوسٹروںکو فیس بک اور ایکس سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیاہے۔