پرہلاد مودی کا اپنے بھائی نریندر مودی کی حکومت کے خلاف دھرنا
نئی دہلی02اگست(کے ایم ایس)بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے بھائی پرہلاد مودی نے جو آل انڈیا فیئر پرائس شاپ ڈیلرز فیڈریشن کے نائب صدر بھی ہیں، منگل کو اپنے مطالبات کے حق میں نئی دہلی میں دھرنا دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرہلاد مودی آل انڈیا فیئر پرائس شاپ ڈیلرز فیڈریشن کے دیگر اراکین کے ساتھ نئی دہلی کے علاقے جنتر منترمیں جمع ہوئے۔ انہوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور پرہلاد کے بھائی نریندر مودی کے خلاف نعرے لگائے۔آل انڈیا فیئر پرائس شاپ ڈیلرز فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری بسومبھر باسو نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ وزیر اعظم کے نام نو نکاتی مطالبات پر مشتمل ایک میمورنڈم بھی پیش کریں گے۔ انہوں نے کہاہم بدھ کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ فیڈریشن فیئر پرائس دکانوں کے ذریعے فراہم کی جارہی چاول، گندم ، چینی ، خوردنی تیل اور دالوںکے نقصان پر معاوضے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اس نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ مفت تقسیم کے مغربی بنگال کے راشن ماڈل کو پورے بھارت میں لاگو کیا جائے۔