جعلی خبروں کی وجہ سے بھارتی میڈیا کی ساکھ بین الاقوامی سطح پر بری طرح متاثر، عرب ٹائمز
نئی دلی:
جعلی خبروں کی وجہ سے بھارتی میڈیا کی ساکھ بین الاقوامی سطح پر بری طرح متاثر ہو ئی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عرب ٹائمز آن لائن کی ایک رپور میں کہاگیاہے کہ بھارتی میڈیا پر اعتماد کا بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے اور صحافتی معیار میں زبردست کمی آئی ہے۔ بھارت میں بڑھتے ہوئے قوم پرستی کے رجحان نے میڈیا کو جھوٹ اور سنسنی خیزی کی جانب دھکیل دیا ہے، جس کے باعث میڈیا کی ساکھ عالمی سطح پر دائو پر لگ گئی ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی ٹی وی چینلز نے جعلی فوٹیج اور ویڈیو گیمز کی ویڈیوز استعمال کرتے ہوئے فوجی فتوحات کی جھوٹی خبریں نشر کیں، جس سے عوام میں گمراہی پھیلی۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیاہے کہ بھارتی میڈیا حکومتی بیانیے کی تائید کرنے والا ایک آلہ بن چکا ہے اور اس نے اپنی آزادی اور غیرجانبداری کھو دی ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت میں آزادی صحافت کو شدید خطرہ لاحق ہے اور مقامی صحافیوں اور عالمی مبصرین نے بھارتی میڈیا کو جمہوریت کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔بھارت میں آزاد اور شفاف میڈیا کا تصور اب دھندلا سا گیا ہے کیونکہ صحافت سیاسی ایجنڈوں کی تابع ہو چکی ہے۔جعلی خبروں اور سنسنی خیزی نے نہ صرف بھارتی میڈیا کی ناکامی کو بے نقاب کیا ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے، جو جمہوری معاشرے کے لیے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔





