مقبوضہ کشمیر : ایران پر امریکی ، اسرائیلی جارحیت کیخلاف کل مظاہرے کیے جائیں گے

سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل اور امریکہ کی ننگی جارحیت کے خلاف کل جمعہ کو نما ز کے بعد پرامن مظاہرین کی کال دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ نمازجمعہ کے بعد مودی اور نیتن یاہو کے مسلم دشمن ایجڈے اور بی جے پی کی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نافذ پابندیوں کے خلاف بھر پور احتجاج کریں۔
ترجمان نے مقبوضہ جموںو کشمیر میں میڈیا سنسرشپ کی شدیدمذمت کی اور پریس کی آزادی اور جمہوری حقوق پر زور دیا۔انہوں نے ایران پر امریکی اسرائیلی جارحیت اور مقبوضہ علاقے میں جارحانہ اقدامات پر دنیا کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسے "ریاستی دہشت گردی” قرار دیا۔
انہوں نے مقبوضہ علاقے میں نافذ کرفیو جیسی پابندیوں، پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال اور انٹرنیٹ بندش کی بھی مذمت کی ۔ ترجمان نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سینگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کریں۔
انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ مظاہروں میں بھر پور شرکت کر کے نیتن یاہو اور مودی کے مسلم دشمن ایجنڈے کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ KMS-02/M







