امریکا میں مندر کی دیواروں پر خالصتان تحریک کے حق میں نعرے تحریر
کیلیفورنیا:امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک مندر کی دیواروں پر مودی مخالف اور خالصتان تحریک کے حق میں نعرے تحریر کردیے گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مودی مخالف نعروں پر بھارت سیخ پا ہوگیا اورامریکی حکام سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ انتہاپسندوں اور علیحدگی پسندوں کو کہیں جگہ نہیں ملنی چاہیے۔امریکی شہر نیوارک (Newark)کے مندر پر بھارتی حکومت کے خلاف نعرے لکھنے کا واقعہ جمعرات کی رات کو پیش آیا۔ مندر کے باہر لگے بورڈ پر خالصتان بھی لکھا گیا۔واقعے پر بھارتی حکام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے امریکا سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا کے محکمہ انصاف نے ایک بھارتی شہری کے خلاف فردِ جرم عائد کی ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے امریکی سرزمین پر خالصتان تحریک سے وابستہ ایک سکھ رہنما کو قتل کرانے کی سازش کی ہے۔