بھارت مقبوضہ کشمیرمیں بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے ، حریت کانفرنس
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے قتل عام ، گرفتاریوں اور انہیں مقبوضہ علاقے اور بھارت میں فوجی کیمپوں، پولیس اسٹیشنوں اور تحقیقاتی اداروں کے ہیڈ آفس میں طلب کرنے کیلئے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر کے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑارہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے مقبوضہ علاقے میں نام نہاد امن کے پروپیگنڈے کا مقصد جموں وکشمیرمیں انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کو چھپانا ہے۔ انہوں نے مودی حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت کی ہندوا بی حکومت نے غیر کشمیریوں بشمول بھارتی فوجیوں کو مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل جاری کرکے جموں وکشمیر کے عوام سے انکے تمام حقوق چھین لئے ہیں جن کی اقوام متحدہ کے چارٹر کے انہیں ضمانت فراہم کی گئی تھی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموں و کشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10لاکھ سے زائد قابض فوجیوں نے مقبوضہ وادی کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کا کارپوریٹ میڈیا ایک طرف کشمیر کی حقیقی تصویر کو مسخ کرنے کے علاوہ ماورائے عدالت قتل کئے گئے ہر کشمیری کو دہشت گرد ثابت کرتاہے اور دوسری جانب مقبوضہ علاقے میں امن اور ترقی کانام نہاد بیانیہ بیرونی دنیا کو بیچ رہاہے۔انہوں نے کہاکہ مقامی میڈیا کو حقائق پر مبنی زمینی صورتحال کی رپورٹنگ کرنے سے روک دیا گیا ہے ۔ دیویندر سنگھ بہل نے مزید کہاکہ بھارت کا زعفرانی اور متعصب عدالتی نظام کشمیری عوام کو کوئی بھی ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے بلکہ کشمیریوں کے مقدمات کی سماعت میں غیر ضروری تاخیر کا سبب بن رہا ہے جو جعلی اور بنیاد الزامات میں برسوں سے مختلف جیلوں میں قید ہیں۔
ادھرجموں و کشمیر عوامی پارٹی نے جموںسے جاری ایک بیان میں ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کی حراست میں تین شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی پسند کارکنوں کے جذبہ حریت سے پریشان بھارت نے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کوانتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔