مقبوضہ جموں وکشمیر : کل جماعتی حریت کانفرنس کا بھارتی ریاستی دہشت گردی میں تیزی پر اظہار تشویش
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے علاقے میں ریاستی دہشت گردی میں تیزی پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کو حق خودارادیت کے مطالبے پر بے انتہا مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوںنے محاصرے اور تلاشی کی نام نہا د کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے، قابض فوجی بیگناہ کشمیری نوجوانوںکو دوران حراست اور جعلی مقابلوں میں قتل کر رہے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ بھارتی فوجیوںکو کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت بے لگام اختیارات حاصل ہیں ۔ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کیوجہ سے بھارت کو مقبوضہ علاقے میں نہتے لوگوں پر مظالم کی شہ مل رہی ہے جبکہ مودی حکومت نے 5اگست 2019کو مقبوضہ علاقے کی خصوصی کے خاتمے کے بعد مقبوضہ علاقے میں جبر وستبداد کی کارروائیوں میں شدت لائی ہے اور کشمیریوں کو تمام بنیادی حقوق سے محروم کر دیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کریں۔