پیرس :جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کی تنظیم نو
پروفیسرنذیر احمد شال مرحوم کو کشمیر کاز کیلئے گرنقدر خدمات پر خراج عقیدت
پیرس: جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس (جے کے ڈی ایف ایف) نے آئندہ دو برس کے لیے تنظیم کے نئے عہدیداوںکا انتخاب عمل میں لایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تنظیم کے نئے عہدیداروں کے انتخاب کیلئے گزشتہ روز ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں چوہدری مقصود احمد کو چیف سرپرست، سردار اخلاق احمد کو چیئرمین، آصف جرال کوصدر، فراز احمد کو سینئر نائب صدر ، علی چوہدری کو جنرل سیکرٹری ، ایم آر طاہر مرزا کو سیکرٹری اطلاعات ، اسد اسحاق کوکوآرڈینیٹرجبکہ ذلفقار عزیز کو آرگنائزر مقرر کیا گیا جو آئندہ دو برس کیلئے اپنی ذمہ داریوں پر فائز رہیں گے۔ اجلاس میں گزشتہ دو برس کی تنظیم کی کارکردگی اور مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے عالمی برادری کو اجاگر کرنے کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فورم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور صدر آصف جرال کی انتھک کوششوںکو سراہا گیا۔ اجلاس میں کشمیر کاز اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے فورم کی کوششوں میں تیزی لانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا ءنے معروف کشمیری حریت رہنما پروفیسر نذیر احمد مرحوم کو کشمیر کاز کیلئے انکی گرانقدر خدمات پرشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔