مودی کی لوگوں سے 22جنوری کو رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شامل ہونے کی اپیل
نئی دہلی: بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت 22جنوری 2024کو ایودھیا میں شہید کی گئی بابری مسجد کے مقام پرتعمیر کئے گئے رام مندر میں مورتی نصب کرے گی۔
تقریب کا افتتاح بھارتی وزیراعظم نریندر مودی خود کریں گے۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے بھارتی شہریوں سے بھی اس تقریب میں شرکت کی اپیل کی ہے۔مودی نے30دسمبر 2023کو ایودھیا میںہوائی اڈے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 22جنوری 2024کو ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح میں ان کے ساتھ شامل ہوں اور دیوالی کے تہوار کی طرح موم بتیاں جلا کر پورے بھارت میں گھروں میں چراغاں کریں۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) کے رہنماسیتارام یچوری نے دعوت نامے کو مسترد کرتے ہوئے مودی پر تنقید کی کہ انہوں نے بابری مسجد کے مقام پر بنائے گئے مندر میں مورتی نصب کرنے کی نام نہاد افتتاحی تقریب کا اہتمام کرکے کروڑوں بھارتی مسلمانوں کے جذبات کو بھلا دیا ہے۔یہ مندر بابری مسجد کے مقام پر تعمیر کیا گیا ہے جسے ہندو انتہا پسندوں نے 6دسمبر 1992 کو شہید کیاتھا۔