بھارت :چھتیس گڑھ کے بجلی گھر میں دھماکہ 9افراد ہلاک، درجنوں زخمی
رائے پور : بھارت کی شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں منگل کو ایک بجلی گھر میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دھماکہ ضلع سکتی کے علاقے سنگھیتری میں ویدانتا پاور پلانٹ کے بوائلر ٹیوب میں ہوا جس سے علاقے میں افراتفری اوربھگدڑ مچگئی۔ حکام نے بتایا کہ تقریباً 30 سے 40 کارکن شدید زخمی ہوئے،جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ علاقے میں خوف و ہراس کے مناظر دیکھنے میں آئے اورلوگ اپنی جان بچانے کے لئے ادھر ادھر بھاگ رہے تھے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات کی تفتیش جاری ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں اور تباہ شدہ ڈھانچے کے اندر پھنسے کارکنوں کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کیاہے۔
دریں اثناءبھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ضلع دھار کے پتھم پور صنعتی علاقے میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب رامکی اینوائرو انجینئرز لمیٹڈ کے زیر انتظام ایک ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ میں تین زور دار دھماکے ہوئے ۔ دھماکے ایک کلومیٹر دور تک سنے گئے جن سے قریبی دیہاتوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ پتھم پور سٹی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ روی سونر نے صحافیوںکو بتایا کہ حالات قابو میں ہیں اور تفصیلی تحقیقات جاری ہے۔
\]








