چھتیس گڑھ : ہندوتوا غنڈوں نے دو مسلمانوں کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا، ایک زخمی
رائے پور:بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں ہندوتوا کارکنوں کے ایک گروپ نے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں دو مسلمانوں کو بے دردی سے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ واقعے میں ایک مسلمان شدید زخمی ہوا۔
کشمیری میڈیا سروس کے مطابق چاند میاں، گڈو خان اور صدام خان نامی تین افراد ایک ٹرک میں بھینسوں کو لے جا رہے تھے جب 12کے قریب ہندو توا غنڈوں نے انہیں روک کر ٹرک سے نیچے اتارا اور بہیمانہ طریقے سے مارا پیٹا۔
حملہ آوروں نے ارنگ کے قریب مہاندی پل پر ٹرک کو روکا، تینوں کو گھسیٹ کر ٹرک سے اتارا اور بے دردی سے ماراپیٹا۔حملہ آوروں نے شدید مار پیٹ کا نشانہ بنانے کے بعد چاند میاں اور گڈو خان کوپل سے نیچے ندی میں پھینک دیا ۔ دنوں کی بعد میں لاشیں ندی سے برآمد کی گئیں۔ تیسرا شخص صدام خان اس وقت رائے پور کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ تینوں افراد ریاست اتر پردیش کے علاقے سہارنپور کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے بہیمانہ واقعے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ مقتولین کے اہلخانہ نے انصاف کیا مطالبہ کیا ہے۔