بھارت :اسکول ٹیچر کو مودی کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کرنے پر جیل بھیج دیا گیا
نئی دہلی :بھارتی ریاست بہار کے ضلع مظفر پور میں ایک سرکاری اسکول کے ٹیچر کو کلاس روم میں وزیر اعظم نریندر مودی کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کرنے کے الزام پر جیل بھیج دیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں کہاگیا کہ ایک سرکاری افسر نے بتایا کہ سرکاری اسکول کے ٹیچر کو اپنی کلاس کے بچوں کو یہ کہنے کے الزام میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے کہ کسی کو بھی مودی کو ووٹ نہیں دینا چاہیے۔مظفر پور کے ایس ایس پی راکیش کمار کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر کے بعد ٹیچر کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ڈی ای او اجے کمار سنگھ نے کہا کہ کرہنی بلاک کے علاقے امرکھ میں واقع گورنمنٹ سیکنڈری اسکول کے کئی طالبعلموں کے اہل خانہ نے ٹیچر ہریندر رجک کے طرز عمل کو ان کے نوٹس میں لایا تھا۔ ڈی ای او نے کہاکہ طلباء کے اہل خانہ نے شکایت درج کرائی کہ ٹیچر بچوں سے کہہ رہے تھے کہ کسی کو بھی وزیر اعظم مودی کو ووٹ نہیں دینا چاہیے کیونکہ مفت راشن اسکیم کے تحت خراب اناج تقسیم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کلاس کے کئی لڑکوں اور لڑکیوں نے بھی تصدیق کی کہ رجک کلاس کے اندر ایسی باتیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ماڈل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے جو کسی بھی سرکاری ملازم کو کسی سیاسی جماعت کے حق میں یا خلاف بات کرنے سے منع کرتا ہے۔ اس لیے ضروری کارروائی کے لیے ٹیچر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔