14 سال بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازیں دوبارہ شروع، جشن کا ماحول

کراچی:پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14سال بعد براہ راست فضائی رابطے بحال ہوگئے۔ بنگلہ دیش کی قومی ایئرلائن کی پہلی پرواز کاجناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی لینڈ کرنے پر جوش استقبال کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈھاکا سے براہ راست کراچی پہنچنے والی”بمان ایئر” کی پرواز کو جنا ح ایئرپورٹ آمد پر واٹر سلوٹ پیش کیا گیا۔ بمان ایئر کی پرواز ڈھاکا کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی جو 149 مسافروں کو لے کر کراچی پہنچی ہے ۔بنگلہ دیشی پرواز کی کراچی لینڈنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 14سال بعد براہِ راست فضائی رابطے بحال ہوگئے ہیں۔ اِس موقع پر مسافروں نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا ۔مسافروں کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی ۔ کیک کاٹا گیا ۔ان کا کہناتھا کہ اس سے قبل انہیں دبئی یا دوحہ کے راستے طویل سفر کرنا پڑتا تھا۔ تقریب میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری اور بنگلادیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر ثاقب صداقت نے شرکت کی۔ بمان ایئرلائن ہفتے میں دو جمعرات اور ہفتہ کے روز پروازیں کراچی اور ڈھاکا کے درمیان چلائے گی۔ دوسری پرواز کے بھی بیشتر ٹکٹ فروخت ہوچکے۔ڈھاکہ اور کراچی کے درمیان پرواز کا دورانیہ 3گھنٹے رہا۔اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ 14سال بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازیں بحال ہوئی ہیں، یہ صرف فضائی اشتراک نہیں زندگی کے ہرشعبہ میں تعاون بڑھے گا، آج کئی سال بعدسازشیں دم توڑگئیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی مودی حکومت صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بنگلہ دیش میں بھی بدامنی کی ذمہ دارہے۔
واضح رہے کہ 2024میں بنگلہ دیش میں حکومت کے خلاف طلبہ کے شدید احتجاج کے باعث وزیراعظم شیخ حسینہ واجدکے بھارت فرارہونے اورملک میں محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت قائم ہونے کے بعد سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں تیزی سے بہتری آئی ہے ۔ شیخ حسینہ واجد پر بھارت نواز ہونے کا الزام ہے جسے انہوں نے اقتدار سے بے دخلی کے بعد بھارت فرار ہوکر سچ ثابت کر دیاہے۔







